کیا آپ کو لگتا ہے کہ دیویندر فڑنویس مہاراشٹر کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے؟
داعش نے اعلان کیا ہے کہ اس نے روسی انٹیلی جنس ادارے کے لیے کام کرنے کے الزام میں شمالی قفقاز سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو قتل کر دیا ہے۔
اس قتل کی خبر داعش کے روسی زبان میں نکالے جانے والے پروپیگنڈا میگزین ’اسٹوک‘ میں شائع کی گئی۔
خبر میں بتایا گیا کہ شدت پسندوں میں سُمیہ کے نام سے مشہور الویرا کرائیفا کو روسی سپیشل سروسز کے لیے کام کرنے کے الزام میں مجرم قرار دے کر شام میں سزائے موت دی گئی۔
روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق، 28 سالہ الویرا کرائیفا روس کے شمالی قفقاز علاقے میں واقع ایک جمہوریہ کراچیوو چرکیسیا میں پیدا ہوئی اور ترک زبان بولنے والی کراچیوو نسل سے تعلق رکھتی تھی۔
2013 میں وہ اپنی نو عمر بیٹی کے ہمراہ داعش میں شامل ہونے کے لیے شام چلی گئی۔ روس جانے سے قبل اس نے مبینہ طور پر قفقاز میں روپوش شدت پسندوں سے چار شادیاں کی تھیں۔
اس کے تمام شوہر یا تو روسی سکیورٹی سروسز کے ہاتھوں مارے گئے یا غیر واضح حالات میں ان کی موت واقع ہو گئی۔
اسٹوک میں دعویٰ کیا گیا کہ شام میں آنے کے بعد سے الویرا کرائیفا کی ’’خلافت کی سکیورٹی سروسز‘‘ کی طرف سے نگرانی کی جا رہی تھی کیونکہ اس پر پہلے ہی سپیشل سروسز سے رابطوں کا شک تھا۔
داعش کے میگزین کا کہنا
ہے کہ اس سے کئی مرتبہ پوچھ گچھ کی گئی مگر اس نے ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کی۔ اسٹوک کے مطابق جب شام میں داعش کو شمالی قفقاز کی ایک اور جمہوریہ انگشتیا میں اپنے ساتھوں سے ایک آڈیو ریکارڈنگ موصول ہوئی جس سے ثابت ہوتا تھا کہ الویرا روس کی فیڈرل سکیورٹی سروسز (ایف ایس بی) کے لیے کام کرتی تھی تو اس نے ’’تمام جرائم‘‘ کا اعتراف کر لیا۔
مضمون میں کہا گیا کہ اسے داعش کے ایک مجاہد نے سر میں گولی ماری اور اس کی لاش کو ’’کوڑے کے ایک ڈھیر‘‘ پر پھینک دیا گیا۔
داعش کا دعویٰ ہے کہ اس خاتون نے شمالی قفقاز میں بہت سے شدت پسندوں کی جاسوسی کرکے ان کی معلومات ایف ایس بی کو فراہم کیں اور داعش کو سات ایسے کیسوں کے شواہد بھی حاصل ہوئے۔
اسٹوک کے مضمون میں کئی شدت پسندوں کی تصاویر بھی شامل تھیں جو اس کے بقول الویرا کی غداری کا نشانہ بنے۔ میگزین کا دعویٰ ہے کہ اس نے خود اپنے آخری شوہر کو زہر دیا جس نے داعش سے وفاداری کا حلف اٹھایا تھا۔
روس کی سپیشل سروسز نے ان خبروں کی تصدیق نہیں کی کہ الویرا کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔
اگرچہ داعش کی روسی زبان بولنے والی شاخ نے پہلی مرتبہ کسی عورت کو سزائے موت دیے جانے کا اعلان کیا ہے مگر داعش اکثر عورتوں کو موت کے گھاٹ اتارتی رہی ہے۔
اس سے قبل بھی داعش مبینہ روسی جاسوسوں کو قتل کر چکی ہے۔ چار ماہ قبل داعش نے شمالی قفقاز کے ایک اور علاقے چیچنیا سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی سزائے موت کی آن لائن وڈیو جاری کی تھی جس پر ایف ایس بی کا جاسوس ہونے کا الزام تھا۔